19 نومبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں تیرہ ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے جبکہ چار سو چھیتر مزید اموات واقع ہوئی ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے تیرہ ہزار دو سو تیئس افراد متاثر ہوئے جن میں سے دو ہزار نو سو اڑتیس مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور باقی کو ضروری دوائیں اور ضروری طبی ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے چار سو چھیتر افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہزار چار سو سترہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا کے آٹھ لاکھ پندرہ ہزار ایک سو سترہ کورونا مریضوں میں سے پانچ لاکھ تراسی ہزار سات سو چار افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج کر دئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد پانچ کروڑ ساٹھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے جن میں سے تیرہ لاکھ چھپن ہزار مریضوں کی اموات واقع ہو چکی ہے اور تین کروڑ نوے لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔