۲۱ نومبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں بارہ ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے جبکہ چار سو اکتیس مزید اموات واقع ہوئی ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے بارہ ہزار نو سو اکتیس افراد کورونا سے متاثر ہوئے جن میں سے دو ہزار ایک سو پچپن مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور باقی کو ضروری دوائیں اور ضروری طبی ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے چار سو اکتیس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چوالیس ہزار تین سو ستائیس ہو گئی ہے۔ سیما لاری نے کہا کہ ایران میں مجموعی طور پر کورونا کے مریضوں کی تعداد آٹھ لاکھ اکتالیس ہزار تین سو آٹھ ہوگئی ہے جن میں سے پانچ لاکھ چھیانوے ہزار ایک سو چھتیس افراد کورونا کو شکست دے کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد پانچ کروڑ اسّی لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں سے کم سے کم تیرہ لاکھ اناسی ہزار ہلاک اور چار کروڑ سے زیادہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔