علاقائی امن کے لیے امریکیوں کا انخلا ضروری ہے: ایڈمرل شمخانی
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے خطے سے امریکا کے مکمل انخلا کو علاقائی امن و سلامتی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔
منگل کے روز تہران میں افغان صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی حمد اللہ محب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمرل علی شمخانی نے خطے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے تہران کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ لاتعداد اشتراکات اور دیرینہ رشتوں کی وجہ سے افغانستان کو ایران کی خارجہ پالیسی میں خاص اہمیت حاصل ہے۔ شمخانی نے کہا کہ ایران اور افغانستان مفادات ایک ہیں اور دونوں کو ایک جیسے خطرات سامنا ہے اور خطے سے امریکہ کا انخلا علاقائی امن و سلامتی کا پیش خیمہ ہوگا۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے دہشتگردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور علاقائی امن و سلامتی کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کا فروغ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جہموریہ ایران افغانستان کی قانونی حکومت اور افغان عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
ایڈمرل شمخانی نے افغانستان میں داعش کی سرگرمیوں میں اضافے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے افغانستان کے عوام اور علاقے کے دیگر ملکوں کو جو خطرات لاحق ہیں، ان کے تدارک کے لیے تمام ملکوں کو ہوشیاری اور باہمی تعاون سے کام لینا ہوگا تاکہ اس سرطانی پھوڑے کا خاتمہ کیا جا سکے۔
افغانستان کے مشیر قومی سلامتی حمد اللہ محب نے بھی اس موقع پر اپنے دورۂ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی حکومت اور عوام، ایران کی حکومت اور عظیم قوم کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون اور تعلقات کو فروغ دینے کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔
حمد اللہ محب نے پچھلے چالیس برسوں کے دوران حکومت ایران کی جانب سے بھرپور حمایت اور ملت ایران کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ، افغانستان کی حکومت اور عوام ایران اور ایرانیوں کی محبت، مہمان نوازی، انسان دوستی اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات اور صلاح ومشورے کی غرض سے منگل کے روز تہران پہنچے ہیں۔