عراقی وزیر اعظم نے عرب لیگ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے
Aug ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۹:۱۸ Asia/Tehran
عراق کے وزیر اعظم نے عرب لیگ کی جانب سے ترکی کے حملوں کی مذمت کئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔
عراق کے وزیر اعظم کے آفس نے بدھ کے دن ایک بیان جاری کیا ہے جس میں عرب لیگ کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آفس نے اس بیان میں کہا ہے کہ عراق کے شمالی علاقوں پر ترکی کے حملوں کی مذمت در اصل عراق کے اقتدار اعلی کے خلاف سرگرمیوں کی مذمت ہے۔ عراق کے وزیر اعظم کے ترجمان سعد الحدیثی نے بھی اس بارے میں کہا کہ عرب لیگ کا بیان در اصل اس لیگ کے اصولوں پر مبنی ہے جن میں کسی بھی عرب ملک کے سرحدوں کی خلاف ورزی کو ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔ سعد الحدیثی نے کہا کہ عرب لیگ کے اس بیان سے عراق کے موقف کو بھی تقویت ملے گی جو اپنے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کے سخت خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ نے اس بیان میں ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ عراق کی سلامتی اور قیام امن کے لئے اس ملک کے ساتھ مشترکہ راہ حل کے حصول کی کوشش کرے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے عراق کے شمالی علاقوں میں ترک فضائیہ کے حملوں کی مذمت کی تھی اور ترکی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ، عراق کے اقتدار اعلی کا پاس و لحاظ رکھے اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کا پابند رہے۔