رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان کا خیر مقدم
Aug ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
افغانستان کے وزیر امور پناہ گزیناں نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے پناہ گزینوں کا احترام نیز افغاں پناہ گزینوں کے بچوں کو تعلیم کی سہولت دینے کا فرمان جاری کرکے ایک نسل کو ناخواندگی سے بچا لیا۔
افغانستان کے وزیر برائے امور پناہ گزیناں سید حسین عالمی بلخی نے پیر کے دن ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران میں مقیم افغان پناہ گزینوں کے تمام بچوں کو تعلیم کی سہولت دینے کا حکم جاری فرما کر، ایک نسل کو ناخواندگی سے نجات دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر اور کوئی چیز نہیں ہو سکتی۔ سید حسین عالمی بلخی نے ایران کے صدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کے ساتھ سختی نہ برتنے بلکہ ایران میں ان کی سکونت کو قانونی شکل دینے کی تدابیر کے حکم کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغاںستان کی قومی اتحاد کی حکومت، ایران میں افغان پناہ گزینوں کو قانون کے دائرے میں لائے جانے کا خیر مقدم کرتی ہے اور خود بھی اس پر عمل کرے گی۔ سید حسین عالمی بلخی نے کہا کہ کابل حکومت چاہتی ہے کہ غیر قانونی مہاجرت ختم ہو جائے اور اس سلسلے میں اس نے انسانوں اور مہاجرین کی اسمگلنگ کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک قانون بھی منظور کروایا ہے جس پر بہت جلد عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔