افغانستان میں امریکہ اور طالبان کے حملے، متعدد افراد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i197451-افغانستان_میں_امریکہ_اور_طالبان_کے_حملے_متعدد_افراد_ہلاک
جنوب مشرقی افغانستان میں امریکہ کے ڈرون طیاروں کے حملے میں دسیوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۳, ۲۰۱۵ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  • افغانستان میں امریکہ کا ڈرون حملہ متعدد افراد ہلاک
    افغانستان میں امریکہ کا ڈرون حملہ متعدد افراد ہلاک

جنوب مشرقی افغانستان میں امریکہ کے ڈرون طیاروں کے حملے میں دسیوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں-

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ڈرون طیاروں نے جمعرات کو جنوب مشرقی افغانستان کے صوبے پکتیا میں ایک علاقے کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا- ان حملوں میں کم سے کم بتیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے-

 گذشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان کے مختلف علاقوں پر امریکہ کا یہ تیسرا حملہ ہے- صوبہ کنڑ کے شگال علاقے اور صوبہ ہلمند کے گرشک اور ناد علی اضلاع میں امریکی حملوں میں اٹھاون افراد ہلاک اور سولہ زخمی ہوئے ہیں-

دوسری جانب طالبان کے ترجمان نے جنوبی افغانستان میں آٹھ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی خبر دی ہے- موصولہ رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے کہا کہ بدھ کی رات صوبہ ہلمند کے ضلع گرمسیر کے "بیرکاکاماندہ" علاقے میں دو طالبان نے پولیس اہلکاروں کے درمیان گھس کر ان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے - ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے- گرمسیر کے پولیس سربراہ تیمور شاہ نے طالبان کے اس حملے کی تصدیق کی ہے-

طالبان کے ایک اورترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی کہا ہے کہ صوبہ غزنی کے صدر مقام کے قریب واقع حکیم آباد علاقے میں جمعرات کو افغان فوج کی گاڑی دھماکے سے تباہ ہو گئی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے-

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ طالبان نے بدھ کی رات صوبہ پکتیکا کے ضلع وزیخواہ میں گوشتی کے علاقے میں افغان نیشنل آرمی کے اہلکاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہو گئے-