فلسطین میں پائیدار امن کیلئے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر: پاکستان
پاکستان نے فلسطین میں پائیدار امن کے لئے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کو ناگزیر قرار دے دیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی غیر قانونی آبادکاری بدستور جاری ہے، جنگ بندی کے بعد 1200 سے زائد فلسطینی شہید کردیئے گئے، جنگ بندی برقرار ہے تو حملے کیسے جاری ہیں؟
عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا غیر قانونی آباد کاری، آباد کاروں کا تشدد اور جبری بے دخلی ختم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگی جرائم اور دیگر سنگین جرائم کیلئے جواب دہی یقینی بنائی جائے، پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے، فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی غیر متزلزل ہے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستانی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کی واحد راہ منصفانہ اور جامع امن ہے، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام 1967 سے قبل کی سرحد پر ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہئے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel