صیہونی حکومت کو سخت ترین جواب دیں گے: حماس کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i209122-صیہونی_حکومت_کو_سخت_ترین_جواب_دیں_گے_حماس_کا_اعلان
حماس نے ہر صیہونی جارحیت کا سخت ترین جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۲:۴۷ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کو سخت ترین جواب دیں گے: حماس کا اعلان

حماس نے ہر صیہونی جارحیت کا سخت ترین جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

غزہ سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے نائب سربراہ اور سابق وزیراعظم اسماعیل ہنیہ نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اس کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا ہے کہ حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ کے جوان صیہونی حکومت کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

اسماعیل ہنیہ نے غزہ میں ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ صیہونی دشمن کو معلوم ہونا چاہئے کہ غزہ کے دلیر سپاہی ہر روز ایک نئے میزائل کا تجربہ کر رہے ہیں اور ہر جارحیت کا تباہ کن جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا ہے کہ فلسطینی سپاہی مشرقی غزہ میں صیہونی حکومت کے زیر قبضہ علاقوں کے قریب اسٹریٹیجک نوعیت کی سرنگیں تیار کرنے میں مصروف ہیں اور ہر حال میں مزاحمت جاری رکھیں گے۔

غاصب صیہونی حکومت نے تقریبا دس سال سے غزہ کے مظلوم عوام کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اس درمیان اس نے غزہ پر دو بار جارحیت کی۔ پہلی جارحیت بائیس روزہ تھی اور دوسری پچاس روزہ۔ اگرچہ ان دونوں جارحیتوں میں وحشیانہ صیہونی حملوں میں بے گناہ فلسطینی عوام شہید ہوئے لیکن سرانجام صیہونی حکومت کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دو ہزار چودہ میں غزہ پر صیہونی حکومت کی پچاس روزہ جارحیت میں پانچ سو ستتر بچوں سمیت دو ہزار دو سو بے گناہ فلسطینی شہید اور گیارہ ہزار ایک سو زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں تین ہزار تین سو چوہتر بچے، دو ہزار اٹھاسی خواتین اور چار سو دس سن رسیدہ افراد شامل تھے۔