Mar ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • مسجدالاقصی پر صیہونی آبادکاروں کا حملہ

صیہونی آبادکاروں نے ایک بار پھر مسجد الاقصی پر حملہ اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی ہے۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق مسجدالاقصی پر حملہ کرنے والے صیہونی آبادکاروں کو صیہونی فوجیوں کی حمایت بھی حاصل تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حصار میں صیہونی آبادکاروں کا یہ گروہ مسجد الاقصی میں داخل ہوا اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ اس موقع پر مسجد الاقصی میں عبادت میں مصروف فلسطینیوں نے صیہونیوں کو اس اقدام سے روکنے کی کوشش کی۔ جس کے بعد صیہونیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

ایک اور اطلاع کے مطابق صیہونی فوجیوں نے اتوار کے روز مشرقی غزہ میں بلااشتعال فائرنگ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو زخمی کر دیا ہے۔

درایں اثنا اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں شہید ہونے والے دو کمسن فلسطینی بہن بھائیوں کو بیت لاہیہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دس اور پانچ سال کے فلسطینی بہن بھائیوں کی تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

صہیونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی صبح کئی بار غزہ اور اس کے شمالی نواحی علاقوں پر بمباری کی تھی۔