مختلف علاقوں میں شامی فوج کی پیشقدمی جاری
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i220303-مختلف_علاقوں_میں_شامی_فوج_کی_پیشقدمی_جاری
شامی فوج نے ملک کے شمال مغربی صوبے حلب اور ادلب میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • مختلف علاقوں میں شامی فوج کی پیشقدمی جاری

شامی فوج نے ملک کے شمال مغربی صوبے حلب اور ادلب میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا

دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے ادلب کے کے محلہ راشدین میں دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ کے ٹھکانو ں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور اسلحہ سے لدی گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔

شامی فوج نے اسی طرح حلب کے شمالی علاقے حندرات کیمپ کے مشرقی حصے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

اسی دورا ن اطلاعات ہیں کہ شامی فوج کے جوانوں نے خفیہ اطلاع ملنے پر، ادلب کے نواحی علاقے جبل زاویہ میں خصوصی آپریشن کے دوران ، جبھۃ النصرہ اور جیش الفتح نامی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔

اس کارروائی کے دوران دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ کے سعودی کمانڈر عبداللہ المحیسنی جبکہ جیش الفتح کے متعدد سرغنے ہلاک ہوگئے ہیں۔

اس سے پہلے شامی فوج نے صوبہ ادلب کے مضافات میں دہشت گرد گروہ جبھۃ النصرہ کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے القاعدہ کے ایک سرغنہ رفاعی احمد طاھا کو کئی ساتھیوں سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ تاریخی شہر تدمر یا پالمیرا پر دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے کے بعد، اپنا گھر بار چھوڑ کر جانے والے شہریوں کا پہلا گروہ اپنے وطن واپس لوٹ آیا ہے۔

اس موقع پر شہر کے سیکورٹی اور فوجی کمانڈروں اور حمص کے گورنر نے ایک تقریب کے دوران، اپنے وطن واپس آنے والے شہریوں کا استقبال کیا۔