اسٹیفین دی مستورا مشاورت کے لئے دمشق پہنچ گئے
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i220624-اسٹیفین_دی_مستورا_مشاورت_کے_لئے_دمشق_پہنچ_گئے
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفین دی مستورا جنیوا امن مذاکرات کے نئے دور کے بارے میں مشاورت اور تبادلہ خیال کے لئے دمشق پہنچ گئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • اسٹیفین دی مستورا مشاورت کے لئے دمشق پہنچ گئے

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفین دی مستورا جنیوا امن مذاکرات کے نئے دور کے بارے میں مشاورت اور تبادلہ خیال کے لئے دمشق پہنچ گئے ہیں۔

دمشق سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائںدے اسٹیفین دی مستورا شام کے بحران اور امن مذاکرات کے نئے دور کے بارے میں مشاورت اور تبادلہ خیال کے لئے بیروت سے دمشق پہنچ گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اسٹفین دی مستورا اردن اور لبنان کے دورے کے بعد شام پہنچے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ شام کے بحران کے حل کے عمل میں تمام موثر ملکوں کے نظریات اور تجاویز پر غور کریں گے۔

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے، لبنان اور اردن سے پہلے ماسکو کے اپنے دورے میں، امن مذاکرات نیز شام کے بحران کے حل کے بارے میں روسی حکام سے بھی تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔

شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفین دی مستورا شام کے بحران کے حل کے عمل کو آگے بڑھانے اور امن مذاکرات کے نئے دور کے بارے میں تبادلہ خیال کے لئے ایسی حالت میں دمشق پہنچے ہیں کہ شام کے وزیر اطلاعات و نشریات عمران الزعبی نے کہا ہے کہ امریکا کے بعض علاقائی اتحادی جیسے ترکی، اردن اور سعودی عرب، امن مذاکرات کے تعلق سے منفی کردار ادا کر رہے ہیں۔

عمران الزعبی نے اسی کے ساتھ کہا ہے کہ دمشق، جنیوا امن مذاکرات میں شرکت کے لئے تیار ہے لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

انھوں نے کہا کہ شام میں اقتدار کی منتقلی کا سیاسی عمل قومی وفاق کی وسیع البنیاد حکومت کے ذریعے انجام پائے گا اور اگر بعض مخصوص فریقوں کو کنارے لگانے اور سیاسی عمل سے الگ کرنے کی کوشش کی گئی تو قومی وفاق کی وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل ناممکن ہوجائے گی۔ دوسری طرف شام کی حکومت کے مخالفین کے ترجمان نے پہلی بار شام کے وفد سے براہ راست مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب سے وابستہ، شام کے مخالفین کے گروہ کے ترجمان ریاض نعسان آغا نے کہا ہے کہ ان کے گروہ کا مذاکراتی وفد، تیرہ اپریل سے جنیوا میں شروع ہونے والے امن مذاکرات میں ، جنگ بندی، مہاجرین کے مسئلے، اور عبوری حکومتی کونسل کے بارے میں حکومت شام کے وفد سے براہ راست گفتگو کے لئے تیار ہے۔