عراق میں داعش دہشت گردوں کی ہلاکت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i222364-عراق_میں_داعش_دہشت_گردوں_کی_ہلاکت
عراق کے صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کے مشرق میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فوج کے حملوں میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر فلوجہ کے المہندسین علاقے میں عراقی عوامی رضاکار دستوں نے دہشت گردوں پر میزائل حملے کئے ہیں جن میں چھبیس سے زیادہ دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۲۱, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۲ Asia/Tehran
  • عراق میں داعش دہشت گردوں کی ہلاکت

عراق کے صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کے مشرق میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فوج کے حملوں میں بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر فلوجہ کے المہندسین علاقے میں عراقی عوامی رضاکار دستوں نے دہشت گردوں پر میزائل حملے کئے ہیں جن میں چھبیس سے زیادہ دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین میں داعش گروہ کے تیرہ سرغنہ ہلاک ہو گئے۔ العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ صلاح الدین کے الشرقاط علاقے میں ہونے والی بمباری میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے تیرہ کمانڈروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق صوبہ صلاح الدین میں داعش کے ٹھکانے پرعراقی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری میں دسیوں دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ فابل ذکر ہے کہ عراقی افواج نے حالیہ مہینوں میں عوامی رضاکار دستوں کی مدد سے عراق کے بہت سے علاقے، داعش کے قبضے سے آزاد کرا لئے۔

ادھر داعش گروہ نے عراق کے صوبہ الانبار کے شہر ہیت سے فرار ہونے کی وجہ سے اپنے پینتالیس افراد کو بڑی بے دردی سے قتل کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق داعش گروہ نے اپنے ان افراد کو، جنہوں نے ہیت شہر سے فرار ہو کر اس شہر کی آزادی کی راہ ہموار کی تھی، برف میں جما کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

داعش نے اپنے ان پینتالیس دہشت گردوں کو موصل شہر میں ایک کولڈ اسٹور میں چوبیس گھنٹے تک بند کر دیا تھا۔ اس دہشت گرد گروہ نے دوسرے افراد میں خوف و وحشت پیدا کرنے کے لئے قتل کئے گئے ان افراد کی لاشوں کو موصل شہر کے داخلی راستوں اور رہائشی علاقوں میں رکھ دیا تھا۔ داعش گروہ نے نام نہاد جہاد النکاح سے انکار کرنے کی وجہ سے ڈھائی سو عورتوں کو بھی پھانسی دے دی۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ان عورتوں کو نام نہاد جہاد النکاح قبول کرنے کا حکم دیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس حکم پر عمل نہیں کیا۔

دریں اثنا نینوا کے آپریشنل کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ دو سو عراقی شہری موصل کے جنوب میں داعش کے محاصرہ شدہ علاقوں سے نکیلنے میں کامیاب ہو گئے اور عراقی سیکورٹی فورسز نے ان عراقی شہریوں کو پرامن مقامات پر منتقل کر دیا۔