May ۰۵, ۲۰۱۶ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
  • سعودی عرب، کویت مذاکرات میں مشکلات کھڑی کر رہا ہے: انصاراللہ

یمنی عوام کی تحریک انصاراللہ کا کہنا ہے کہ یمن سے متعلق کویت مذاکرات میں شریک سعودی عر ب کا وفد مشکلات کھڑی کررہا ہے

المنار ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے جمعرات کو کویت میں یمن سے متعلق مذاکرات کے ایک اور دور کے اختتام پر کہا کہ سعودی عرب یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور دوسری جانب مذاکرات میں شامل سعودی وفد بیہودہ بہانوں سے مذاکرات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے- انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے ایجنٹوں نے کویت میں جاری سیاسی مذاکرات کی راہ میں بےشمار رکاوٹیں کھڑی کرکے مذاکراتی عمل کی رفتار کو سست کردیا ہے- انہوں نے کہا کہ سعودی عرب یمن کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پراپنے فوجی روانہ کرکے مذاکرات کے عمل کو اور زیادہ نقصان پہنچا رہا ہے- انصاراللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں سے یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ سعودی عرب یمن میں امن قائم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے- واضح رہےکہ یمن کے بحران کو حل کرنے کےلئے گذشتہ اکیس اپریل سے کویت میں مذاکرات جاری ہیں مگر سعودی حکومت کے ذریعے کھڑی جانے والی مشکلات کی وجہ سے ابھی تک ان مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے-