داعش کے خلاف عراقی افواج کا آپریشن
داعش کے خلاف عراقی افواج کے فضائی اور زمینی آپریشن میں بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں
ہمارے نمائندے نے عراقی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مغربی عراق کے البوشہاب اور عامریہ نامی علاقوں میں داعش کے مراکز پرعراقی فضائیہ کے حملوں میں کم سے کم بیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ عراقی فضائیہ کے ان حملوں میں داعش کا گولے بارود اور اسلحے کا ایک گودام اور متعدد راکٹ لانچر تباہ ہو گئے ۔
دوسری طرف عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کے تعاون سے صوبہ نینوا کے شہر مخمور کے جنوب میں واقع علاقے کفروک کو داعش سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس آپریشن میں اب تک داعش کے متعدد دہشت گرد مارے جاچکے ہیں -
عراقی فوج کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا ہے کہ اس دیہی علاقے میں داعش نے بہت سے عراقی کنبوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اس لئے اس آپریشن میں فضائیہ کی مدد نہیں لی جاری ہے تاکہ عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے۔
ادھرعراق کی السومریہ نیوز نے بتایا ہے کہ پیر کو بغداد کے جنوب میں واقع لطیفیہ نامی علاقے میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ایک کارواں کے راستے میں دو بم دھماکے ہوئے ۔ اس دہشت گردانہ حملے میں عوامی رضاکار فورس کے تین جوان شہید اور گیارہ زخمی ہو گئے ۔