عراق میں داعش کے خلاف آپریشن
داعش کے خلاف عراقی افواج کے ملک گیر آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور کئی علاقے آزاد کر الئے گئے
عراقی افواج نے صوبہ الانبار میں شہر فلوجہ کے شمال میں واقع علاقے الرمیلہ اور الصقلاویہ کے ایک حصے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراق کی السومریہ نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ فلوجہ کے جنوب میں العامریہ شاہراہ اور السلام چوراہے کا علاقہ بھی داعش کے عناصر سے پاک کر دیا گیا ہے۔
صوبہ الانبار کے آپریشن کمانڈر اسماعیل محلاوی نے بتایا ہے کہ الانبار میں داعش کے خلاف فضائی آپریشن میں بھی داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق الانبار میں داعش کے مراکز پر جنگی طیاروں کے حملوں میں کم سے کم بیس دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ فلوجہ کے جنوب میں واقع البوشہاب نامی علاقے میں داعش کے مراکز پر فضائی حملے میں ایک کار بم، چھے راکٹ لانچر اور توپیں اور اسلحے کے دو گودام تباہ ہوگئے ۔
عراقی افواج نے صوبہ الانبار کے ساتھ ہی صوبہ نینوا میں بھی داعش کے خلاف کامیاب کارروائیاں انجام دی ہیں ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ عراقی فوج کے جوانوں نے شہر موصل کے قریب کبروک نامی اسٹریٹیجک اہمیت کا علاقہ داعش سے آزاد کرا لیا ہے۔
صوبہ نینوا میں داعش مخالف آپریشن کے ایک کمانڈر عبدالرحمان الجبوری نے بتایا ہے کہ کبروک میں زمینی فوج کے داخل ہونے سے پہلے داعش کے مراکز پر عراقی فضائیہ کے طیاروں نے بمباری کی جس میں کم سے کم اٹھارہ افراد مارے گئے ۔
عراقی فوج کی نینوا کمان نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ موصل کے جنوب میں واقع مہانہ نامی گاؤں داعش کے وجود سے پاک کر دیا گیا ہے۔