افغان صدرکا برطانوی وزیراعظم کے بیان پر ردعمل
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i225850-افغان_صدرکا_برطانوی_وزیراعظم_کے_بیان_پر_ردعمل
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے ملک کےخلاف برطانوی وزیراعظم کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب والوں کی منشیات کی عادت نے ہی افغانستان کو ایک بدعنوان ملک بنا دیا ہے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • افغان صدرکا برطانوی وزیراعظم کے بیان پر ردعمل

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے ملک کےخلاف برطانوی وزیراعظم کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب والوں کی منشیات کی عادت نے ہی افغانستان کو ایک بدعنوان ملک بنا دیا ہے

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے دورہ برطانیہ کے موقع پر کہا کہ وہ برطانوی وزیراعظم سے معافی مانگنے کا مطالبہ تو نہیں کریں گے لیکن انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ اہل مغرب کی منشیات کی لت نے ہی افغانستان کو ایک فاسد اور بدعنوان ملک میں تبدیل کر دیا ہے - انہوں نے واضح کیا کہ مغربی ملکوں کی منڈیوں میں منشیات کی ڈیمانڈکا افغانستان کو بدعنوان ملک بنانے میں اہم رول رہا ہے۔

اشرف غنی نے کہا کہ منشیات کے مافیا یا کارٹل ،دہشت گردی ، انتہا پسندی اور بدعنوانی کے اصل محرک ہیں -ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی حکومت منشیات کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہے لیکن اس کو اس سلسلے میں مدد کی ضرورت ہے - افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ افغانستان اگر آج دنیا کے بدعنوان ترین اور فاسدترین ملکوں میں سے ایک ہے تو اس کے مختلف اسباب و وجوہات ہیں -

واضح رہے کہ لندن میں بدعنوانی کے خلاف ہونے والے عالمی اجلاس میں شرکت کے لئے افغان صدر کے لندن پہنچنے سے قبل برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانستان اور نائیجیریا جیسے دو انتہائی بدعنوان ممالک کے سربراہان بھی اس اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں - برطانوی وزیراعظم کے اس توہین آمیز بیان پر افغانستان کے ایوان صدر نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کو سفارتی اصولوں اورعالمی و اخلاقی ضوابط اور معیارات کے منافی قرار دیا -