حماہ میں شامی شہریوں کا قتل عام
دہشت گردوں نے شام کے جنوبی صوبے حماہ میں بہت سے عام شہریوں کا قتل عام کر دیا ہے
مسلح دہشت گردوں نے جمعرات کی صبح صوبہ حماہ کے شہرالزارہ میں داخل ہوکر بہت سے عام شہریوں کا قتل عام کیا اور ان کی خواتین اور بچوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا - اس حملے کےدوران دہشت گردوں نے لوگوں کے گھروں کو مسمار اور ان کے مال و اسباب لوٹ لئے -
جبہتہ النصرہ ،احرارالشام اور اجناد الشام دہشت گرد گروہوں نے سوشل میڈیا کے صفحات پر یہ بھی لکھا ہے کہ انہوں نے الزارہ شہر پر کس طرح سے حملہ کیا ہے- الزارہ شہر حمص اور حماہ صوبوں کے درمیان واقع ہے -ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ دہشت گردوں نے کتنے عام شہریوں کا قتل عام کیا ہے اور کتنے لوگوں کو یرغمال بنایا ہے-
اس درمیان شام کے وزیراعظم وائل الحلقی نے دہشت گردوں کے اس حملے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ وحشیانہ قتل عام ایک انسانیت سوزجرم ہے - شامی وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شام کا ساتھ دے اور دہشت گردوں کے حامی ملکوں منجملہ سعودی عرب، قطر اور ترکی کو دہشت گردی کی حمایت ترک کرنے پر مجبور کرے -
انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ ا قدامات شامی عوام کو تعمیرنو، ترقی اور قومی آشتی کے عمل سے نہیں روک سکتے-
واضح رہے کہ جنگ بندی کے نفاذ کے باوجود دہشت گرد عناصر مختلف شہروں کے رہائشی علاقوں پر مارٹر گولوں اور میزائلوں سے حملےکر رہے ہیں -