صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا سلسلہ جاری، متعدد فلسطینی گرفتار
غاصب اسرائیلی فوجیوں نے اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
فلسطینی خـبر رساں ایجنسی وفا کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوجیوں نے اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فلسطینی علاقوں پر حملہ کیا اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جمعرات کے روز غرب اردن کے طولکرم، الخلیل اور جنین شہروں میں فلسطینی گھروں پر حملہ کیا اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں ایک فلسطینی اسکولی طالبہ کو بھی گرفتار کر لیا۔ صیہونی فوجیوں نے بدھ کے روز بھی قدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں سے انیس فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ گرفتار کئے گئے افراد میں فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے کئی عہدیدار شامل ہیں۔
ادھر الاقصی ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی انتظامیہ نے الاقصی ٹی وی کے رپورٹر طارق ابوزید کی حراست کی مدت میں مزید پندرہ دن کی توسیع کر دی ہے۔