داعش کے خلاف عراقی افواج کی کامیابیاں
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i228715-داعش_کے_خلاف_عراقی_افواج_کی_کامیابیاں
صوبہ الانبار کے شہر ہیت پر حملے میں ساٹھ سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد داعش نے پسپائی اختیار کرلی ہے ۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • داعش کے خلاف عراقی افواج کی کامیابیاں

صوبہ الانبار کے شہر ہیت پر حملے میں ساٹھ سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد داعش نے پسپائی اختیار کرلی ہے ۔

عراق کی سومریہ نیوز ایجنسی کے مطابق عراقی فوج کی الجزیرہ کمان نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ شہر ہیت پر داعش کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق اس حملے میں اپنے ساٹھ سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد داعش نے پسپائی اختیار کر لی ہے۔ داعش کے حملے کو پسپا کرنے کی کارروائی میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ صوبہ الانبار کے شہر ہیت کو کچھ عرصہ پہلے ہی داعش کے وجود سے پاک کیا گیا تھا۔

تکفیری دہشت گرد گروہ داعش شہر فلوجہ میں اپنی شکست کی تلافی کے لئے الانبار کے دوسرے شہروں پر حملے کر رہا ہے ۔

شہر فلوجہ کی آزادی کا آپریشن تیئیس مئی کو وزیراعظم حیدرالعبادی کے حکم سے شروع ہوا ہے ۔ فوج ، عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی اور قبائلی لشکر کے جوانوں کی شرکت سے انجام پانے والے اس آپریشن میں فلوجہ کے اطراف کے تمام علاقے اورخود شہر فلوجہ کے ایک حصے کو آزاد کرایا جا چکا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ داعش کے دہشت گرد فلوجہ میں عام شہریوں سے انسانی ڈھال کے طور پر کام لے رہے ہیں جس کی وجہ سے فلوجہ کی آزادی کا آپریشن سست روی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔