افغانستان کی جانب سے پاکستان کا الزام مسترد
حکومت افغانستان نے پاکستان کے وزیر دفاع کے اس الزام کو مسترد کردیا ہے کہ کابل اور نئی دھلی مل کر پاکستانی طالبان کی حمایت کر رہے ہیں۔
افغانستان کے ایوان صدر کے نائب ترجمان دواخان مینہ پال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان اچھی اور بری دہشت گردی کے نظریئے پر یقین نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان خود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور کسی طور بھی دہشت گردوں کی حمایت نہیں کرے گا۔
پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ افغانستان اور ہندوستان انٹیلی جینس تعاون کے ذریعے پاکستانی طالبان کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی طالبان نے افغانستان میں اپنے اڈے قائم کر رکھے ہیں لیکن اس کے باوجود امریکہ یا عالمی امن فوج کی جانب سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے وزیردفاع کے بیان پر تاحال ہندوستان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔