قنیطرہ میں شامی فوج کی کارروائی، درجنوں دہشت گرد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i231301-قنیطرہ_میں_شامی_فوج_کی_کارروائی_درجنوں_دہشت_گرد_ہلاک
شام کی فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • قنیطرہ میں شامی فوج کی کارروائی، درجنوں دہشت گرد ہلاک

شام کی فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق قنیطرہ کے علاقے میں جبہت النصرہ کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرشامی فوج نے زبردست حملے کیے ہیں۔ شامی فوج کے حملے میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، قنیطرہ کے نواحی گاؤں جباتا الخشب میں شامی فوجی کی کارروائی کے بعد جبہت النصرہ کے دہشت گرد فرار ہوگئے ہیں۔ یہ علاقہ مقبوضہ جولان کے قریب واقع ہے جہاں سے دہشت گردوں کو اسلحہ اور زخمی ہونے والے دہشت گردوں کو اسرائیل کے اسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق شام کے انسانی حقوق مرکز نے بتایا ہے کہ نو سو افراد داعش کے زیر قبضہ علاقے منبج سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ شامی کرد فورس کے جوانوں نے کئی روز سے منبج شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے اور داعش سے رابطے کے تمام راستے مسدود کر دیئے ہیں۔

منبج شہر شام کے صوبے رقہ میں شام ترکی سرحد کے قریب واقع ہے اور ترکی سے دہشت گردوں کی رسد کا اہم راستہ شمار ہوتا ہے۔ داعش کے دہشت گردوں نے سن دوہزار چودہ سے منبج پر قبضہ کر رکھا ہے۔