شام میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری
شام میں دہشت گردوں کے خلاف فوج اورعوامی رضاکار فورس کا ملک گیر آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
شام کے ذرائع کے حوالے سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ شامی افواج نے بدھ کو تدمر کی اراک آئل فیلڈ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
دوسری طرف جنوبی شام کے علاقے السویدا کے مشرق میں واقع بادیۃ الشام نامی علاقے میں عوامی رضاکار فورس جیش الشعبی کے جوانوں نے ایک آپریشن میں داعش کے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ شام کی عوامی رضاکار فورس نے اس آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور اسرائیل کے بنے ہوئے بم اپنے قبضے میں لے لئے۔
شام کے علاقوں، حلب، درعا، اور دیر الزور میں بھی شامی افواج کے آپریشن میں درجنوں دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
شام سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دمشق کے مضافات میں واقع وادی بردی نامی علاقے میں ایک سو دس مسلح افراد نے اسلحہ زمین پر رکھ کے خود کو فوج کے حوالے کر دیا۔
دوسری طرف ایک فوجی ذریعے نے خبر دی ہے کہ جرمن فوج کا ایک دستہ، داعش کے ساتھ مبینہ جنگ میں سیرین ڈیموکریٹک فورس کی مدد کے لئے منبج نامی علاقے میں پہنچ گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شام میں داعش کے خلاف جنگ کے بہانے امریکا اور فرانس کے بھی تقریبا پانچ سو فوجی شام میں موجود ہیں۔
دمشق حکومت نے شام میں، امریکی جرمن اور فرانسیسی فوجیوں کے داخل ہونے کو شام کی خودمختاری اور اقتدار اعلی کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔