عراقی وزارت دفاع کی عالمی دہشت گردی کے مقابلے پر تاکید
عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے عالمی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقابلے پر تاکید کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق خالد العبیدی نے امریکی فوج کی سینٹرل کمان کے اعلی عہدیدار جنرل جوزف لئورنارڈ ووٹیل سے بغداد میں ملاقات کے موقع پر دہشت گردی کے مقابلے کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مقابلے کی ضرورت پر تاکید کی۔
دوسری جانب عراق کی سیکورٹی فورسز جنوبی موصل میں دہشت گرد گروہ داعش کے زیر قبضہ باقی ماندہ دیہاتوں اور قصبوں کی آزادی کے لئے اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عراق کی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے جمعرات کے دن صوبہ نینوا کے غیارہ شہر کے قریب واقع خراب شمام و الواویہ نامی دیہات کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا۔ اس آپریشن میں دسیوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے اور دہشت گردوں کی ایسی متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی تھیں جن کے ذریعے وہ عراق کی سیکورٹی فورسز پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے۔