دہشت گردوں کو شکست دینے پرعراقی حکام کی تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i232519-دہشت_گردوں_کو_شکست_دینے_پرعراقی_حکام_کی_تاکید
عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے کہا ہے کہ فلوجہ شہر کی آزادی سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ عراق میں داعش کا کام تمام ہونے والا ہے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۱:۱۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کو شکست دینے پرعراقی حکام کی تاکید

عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے کہا ہے کہ فلوجہ شہر کی آزادی سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ عراق میں داعش کا کام تمام ہونے والا ہے

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بغداد میں متعین برطانوی سفیر فرانک پیکر سے ملاقات میں کہا کہ فلوجہ میں عراقی افواج کی کامیابیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ عراق میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا کام تمام ہونے والا ہے - انہوں نے عراق کی تازہ ترین سیکورٹی اور سیاسی صورتحال کے بارے میں بھی برطانوی سفیر سے بات چیت کی

دوسری جانب عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے عراقی شہروں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے عراقی افواج کی کارروائیوں کے جاری رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال عراق سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کا سال ہوگا -

عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ رواں سال کے دوران موصل شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا جائے گا- عراقی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلوجہ شہر کی آزادی دیگر شہروں سے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کی راہ میں ایک بڑی کامیابی ہے - اس سے پہلے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے بھی قوم کو یقین دلایا تھا کہ دوہزارسولہ میں عراق سے تکفیری دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا -