پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان مذاکرات
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i232573-پاکستان_اور_افغانستان_کے_وفود_کے_درمیان_مذاکرات
پاکستان اور افعانستان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ طورخم بارڈر پر کشیدگی کم کرنے کے لئے موثر سرحدی انتظام کیا جائے گا
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان مذاکرات

پاکستان اور افعانستان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ طورخم بارڈر پر کشیدگی کم کرنے کے لئے موثر سرحدی انتظام کیا جائے گا

اسلام آباد میں پاکستان اور افغانستان کے اعلی سطحی وفد کے درمیان مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قیام امن، انسداد دہشت گردی اور دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لئے موثر سرحدی انتظام ناقابل اجتناب ہے - اس اتفاق رائے کا اعلان دونوں ملکوں کے اجلاس کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامئے میں کیا گیا -

اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ یہ تجاویز دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے سامنے پیش کی جائیں گی جن پر تیئس اور چوبیس جون کو تاشقند میں شانگھائی تنظیم کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے مشیرخارجہ اور افغانستان کے وزیرخارجہ بات چیت کریں گے-

اسلام آباد میں اجلاس کے دوران دونوں ملکوں نے بارڈرمینجمنٹ کے معاملات کے تعلق سے بھی مناسب طریقہ کار بنانے پر زور دیا - مذاکرات کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان کے خارجہ سکریٹری اعزازاحمد چودھری اور افغانستان کے وفد کی قیادت نائب وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی نے کی -

یاد رہے کہ پچھلے ہفتے طورخم بارڈر پر دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا آغاز پاکستان کی جانب سے گیٹ نصب کرنے کی کوششوں سے ہوا جس کے دوران دونوں ملکوں کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی تھی -