عراقی فضائیہ کے حملوں میں درجنوں دہشت گرد ہلاک
عراق کے مغربی صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی کے شمال میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کے حملوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے-
سومریہ نیوز ویب سائٹ کے مطابق صوبہ الانبار کے آپریشنل کمانڈراسماعیل المحلاوی نے بدھ کو اعلان کیا کہ رمادی کے شمال میں واقع "زنکورہ" علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کے حملوں میں کم سے کم پچاس دہشت گرد ہلاک ہوگئے- انہوں نے کہا کہ عراقی افواج نے الرمادی کے شمال میں دواہم علاقوں "زنکورہ" اور "البوریشہ" کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیاں پیر سے شروع کردی ہیں -
دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکارفورس کے ایک کمانڈر جواد الطلیباوی نے فارس نیوزایجنسی کے ساتھ گفتگو میں بغداد میں متعین سعودی عرب کے سفیر کے مداخلت پسندانہ بیانات کاذکرکرتے ہوئے کہا کہ فلوجہ میں دہشت گردوں کے خلاف عراقی افواج کی حتمی کامیابی نے سعودی سفیر کو عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت پسندانہ بیان دینے پر مجبور کیاہے-
انہوں نے عراق کی عوامی رضاکارفورس کے خلاف سعودی عرب کے سفیر کے بیان کو عراق میں موجود دہشت گردوں کےلئے سعودی حکومت کی کھلی حمایت قراردیا اور کہا کہ سعودی سفیر کے اقدامات اور ان کے اشتعال انگیز بیانات، عراق میں زیادہ سے زیادہ دہشت گردانہ کارروائیوں کو انجام دینے کے لئے دہشت گردوں کے جذبات کو مشتعل کررہے ہیں -