داعش کےحامیوں کو عراق کا انتباہ
عراقی وزیر اعظم نے داعش کے سیاسی حامیوں کو سخت انتباہ دیا ہے-
عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے اپنے ایک بیان میں ان تمام گروہوں کو سخت انتباہ دیا ہے جو داعش کی خفیہ اور علی الاعلان حمایت کرر ہے ہیں۔
العراقیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم حیدرالعبادی نے جمعرات کے روزعراق کے جنوب مشرقی شہر نجف اشرف کے قبائل کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ جو گروہ بھی داعش کی حمایت کی بدولت عراقی شہریوں کی ہلاکت کا سبب بن رہے ہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور عراقی حکومت انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گی۔
حیدر العبادی نے عراقی سیکورٹی فورس کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ کرنے میں مصروف بعض ٹی وی چینلوں پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی عراقیوں کو داعش کے خلاف جنگ میں کوئی کامیابی ملتی ہے تو یہ ٹی وی چینل دیوانوں کی طرح حکومت اورعراقی عوام کے خلاف پروپگنڈا شروع کردیتے ہیں۔
عراقی وزیراعظم نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے سلسلے میں آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے پیغام اور رہنمائیوں کی بھی قدر دانی کی- انہوں نے آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے فرامین کو اس سلسلے میں انتہائی اہم اور موثر بتایا۔
حیدر العبادی نے داعش کو بیرونی سازشوں کا شاخسانہ قرار دیا اور کہا کہ عراقی سیکورٹی فورسز نے جرات اور بے باکی کے ساتھ ان سازشوں کو ناکام بنادیا ہے۔ عراقی وزیراعظم نے اپنے خطاب میں تمام سیاسی پارٹیوں اور بااثر پارلیمانی گروہوں کو، تکفیری - صیہونی دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں، عراق کی مشترکہ فورسز کی حمایت کی دعوت دی۔