عراق میں داعش گروہ کا عنقریب زوال
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i233560-عراق_میں_داعش_گروہ_کا_عنقریب_زوال
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ عراق میں اپنے مکمل زوال کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۶, ۲۰۱۶ ۰۸:۴۹ Asia/Tehran
  • عراق میں داعش گروہ کا عنقریب زوال

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ عراق میں اپنے مکمل زوال کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔

اسکائی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے سربراہ سلیم الجبوری نے ہفتے کو ایک بیان میں عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ میں عام شہریوں کی حمایت کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر ہونے والے گھرانوں کا جائزہ لئے جانے کے راہ حل اور کسی بھی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے میں انسانی صورت حال کو مدنظر رکھے جانے کی ضرورت ہے۔

سلیم الجبوری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نینوا کو آزاد کرانے کی کارروائی کے نتیجے میں جنگی علاقوں کے بہت سے عام شہری اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے اس لئے مختلف وزارت خانوں خاص طور سے پناہ گزینوں کے امور کی وزارت کو چاہئے کہ اس مسئلے پر خاص طور سے توجہ دے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی میں تمام عراقی قوّتوں کو شمولیت حاصل رہے گی جن میں عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی بھی شامل ہے۔

عراقی پارلیمنٹ کے سربراہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ تکریت کے شمال میں الشرقاط اور کرکوک کے جنوب مغرب میں الحویجہ نیزالقیارہ کو آزاد کرانے کے بعد موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ موصل کو آزاد کرانے میں فوج، عوامی رضاکار فورس، انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس فورس، سب شامل رہیں گی جبکہ کرد پیشمرگہ ملیشیا اور عراق کے علاقے کردستان نیز امریکی اتحاد کے ساتھ ضروری ہم آہنگی عمل میں لائے جائے گی۔