شام: حماہ کے مضافات میں الرمیلہ کی آزادی
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i233671-شام_حماہ_کے_مضافات_میں_الرمیلہ_کی_آزادی
شامی فوج نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے مغربی شام میں حماہ کے مضافات میں واقع علاقے الرمیلہ کو آزاد کر لیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۷, ۲۰۱۶ ۰۲:۵۹ Asia/Tehran
  • شام: حماہ کے مضافات میں الرمیلہ کی آزادی

شامی فوج نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے مغربی شام میں حماہ کے مضافات میں واقع علاقے الرمیلہ کو آزاد کر لیا۔

موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج اور عوامی رضاکاروں نے جبہۃ النصرہ دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے صوبے حماہ میں السلیمہ کے مغربی مضافات میں الرمیلہ اور اس کی اطراف کی پہاڑیوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

شام کے وسطی علاقے حمص میں بھی شام کی فضائیہ نے مختلف مضافاتی علاقوں منجملہ جویسیس، شاعر آئل فیلڈ اور جب الجراح میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں داعشی دہشت گردوں کو خاصا نقصان پہنچا۔

شام سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ شمالی شام میں واقع صوبے حلب کے شہر منبج کے شمال مشرقی علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کی جانب سے کئے جانے والے متعدد بم دھماکوں میں شامی کرد فورس کے انّیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

منبج شہر، جو ترکی کی سرحد کے قریب واقع ہے، ایک اہم اسٹریٹیجک شہر ہے جہاں سے شام میں داعشی دہشت گردوں کو اسلحہ، خوراک اور دیگر فوجی ساز و سامان فراہم کیا جاتا رہا ہے۔ اس شہر پر دو ہزار چودہ سے داعش دہشت گرد گروہ کا قبضہ ہے۔

واضح رہے کہ شام کی کرد فورس نے شہر منبج سے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کے لئے اکتّیس مئی سے ایک بڑی کارروائی شروع کی ہے۔