صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی کی شہادت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i234313-صیہونی_فوجیوں_کی_فائرنگ_میں_ایک_فلسطینی_کی_شہادت
صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں کی  فائرنگ میں ایک فلسطینی کی شہادت

صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا۔

المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی شہری نے غرب اردن میں واقع صیہونی کالونی " کریات چار" میں ایک کارروائی کے دوران ایک صیہونی کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کارروائی کے دوران یہ فلسطینی نوجوان خود بھی شہید ہو گیا۔

درایں اثنا صیہونی فوجیوں نے جمعرات کی صبح قدس شہر کے قدیم آبادی والے علاقے سے تین فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب شمالی غزہ میں"بیت لاہیا" کے ساحلی علاقے میں صیہونی فوجیوں کی گن بوٹس نے فلسطینی ماہیگیروں پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے ان کو ماہیگری سے روک دیا۔

تحریک انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں دو سو تئیس فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ درایں اثنا فلسطین کی وزارت تعلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے ابتک صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں سترہ اسکولی بچے شہید ہو چکے ہیں۔

اس بیان کے مطابق اس دوران دو سو تیس طالبعلم، اساتذہ اور شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد کو صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ اسی مدت کے دوران ستاسی اسکولی بچوں اور پانچ ٹیچروں کو گرفتار جبکہ چار کو ان کے گھروں کے اندر قید کر دیا گیا۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اس عرصے میں اسکولوں پرایک سو چھتیس مرتبہ فائرنگ کی اور اشک آور گیس کے گولے داغے کہ جس کے سبب بچوں میں سخت خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔