غزہ پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے سنیچر کو ایک بار پھر غزہ کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا۔
اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عالمی یوم القدس کے دوسرے دن یعنی سنیچر کو صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کی۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی جنگی طیاروں کے سنیچر کے حملوں میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہو گئے اور کافی مالی نقصان ہوا۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی جنگی طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ کے مراکز اور ایک آئرن فیکٹری کو نشانہ بنایا۔ غاصب صیہونی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ یہ حملہ اس نے بقول اس کے غزہ سے سدروت سٹی پر کئے جانے والے راکٹی حملے کے جواب میں کیا۔
قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیارے آئے دن غزہ پر حملہ کرتے رہتے ہیں جن میں عام طور پرعام شہری نشانہ بنتے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے یہ فضائی حملے غزہ پر پچاس روزہ جارحیت کے بعد اگست دو ہزار چودہ میں مصر کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔
غزہ پر صیہونی حکومت کی پچاس روزہ جارحیت میں دو ہزار تین سو عام شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔