شام کے فوجی ٹھکانوں پر صیہونی فوج کا حملہ
صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جولان سیکٹر پر شام کے فوجیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔
اسکائی نیوز کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو جولان میں شام کی دو فوجی چوکیوں پر گولہ باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج اس سے پہلے بھی شام کے فوجی مراکز اور رہائشی علاقوں پر بارہا حملے کر چکی ہے۔
صیہونی حکومت نے شام کے عوام پر تکفیری دہشت گرد گروہوں داعش اور جبہۃ النصرہ کے حملوں کے دوران ہمیشہ ان دونوں دہشت گرد گروہوں کی اسلحہ جاتی اور مالی مدد کی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں تکفیری دہشت گرد گروہوں کے زخمی ہونے والے بہت سے دہشت گردوں کا علاج بھی اسرائیلی اسپتالوں میں ہوا ہے۔
شام کے صدر بشار اسد کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج، سرحدی علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کی کھل کے حمایت کرتی ہے اور جب بھی اسرائیل کی سرحد کے قریب شامی فوج دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی کرتی ہے تو صیہونی فوجی شام کے فوجی دستوں پر گولہ باری شروع کر دیتے ہیں۔