Jul ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں بحرینی عوام کا دھرنا جاری

سرکردہ عالم دین اور جمہوریت پسند رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں بحرینی عوام کا دھرنا بدستور جاری ہے۔

ہزاروں کی تعداد میں بحرینی شہری آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور ان کی شہریت منسوخ کیے جانے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دھرنے کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی تصاویر اٹھار رکھی ہیں اور وہ اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ جب تک شاہی حکومت اپنا غیر منصفانہ فیصلہ واپس نہیں لیتی اس وقت تک دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مظاہرین، شاہی حکومت کی جیلوں میں بند سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ یکجہتی کے نعرے بھی لگا رہے ہیں۔

مظاہرین نے ملک میں جاری جمہوری تحریک کے دوران شہید ہونے والوں کے خون سے وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے شہیدوں کے مشن کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ جمہوری تحریک کے دوران مارے جانے والے ایک سو ستر شہیدوں کے خون کا انتقام لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

درایں اثنا بحرین کے چودہ فروری نامی یوتھ الائنس نے جمعے کے روز شاہی حکومت کے خلاف ملگ گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت نے ملک کے سرکردہ عالم دین اور اکثریتی شیعہ آبادی کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کردی جس کے بعد بحرین میں احتجاج اور مظاہروں میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔