عراقی فضائیہ کے حملے میں متعدد دہشت گرد ہلاک
عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے داعش کے تیئیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے-
عراق میں فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائیہ کے بمبار طیاروں نے شمالی علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے کم سے کم تیئیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ جمعے کو بھی عراقی فوج نےشمالی صوبے نینوا کےعلاقے تلعفر میں داعش کے ٹھکانوں پرحملہ کر کے دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا-
اس کے علاوہ جمعے کو ہی دیگر علاقوں میں بھی عراقی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف الگ الگ کارروائیاں کر کے چالیس سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا- عراقی فوج نے شمالی صوبے صلاح الدین کے شہر شرقاط کے مغرب میں دبس علاقے میں دہشت گردوں کو لے جا رہی تین گاڑیوں اور ان کے ایک خفیہ ٹھکانے پرحملہ کر کے انہیں تباہ کردیا - اس حملے میں بہت سے دہشت گردمارے گئے ہیں۔
دوسری جانب داعش کے عناصر نے صوبہ نینوا میں پانچ عراقی شہریوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کر دیا- داعش نے ان عراقی شہریوں کو فوج کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں پہلے تو آہنی پنجروں میں بند کیا اور اس کے بعد انہیں آگ لگا دی -