مغربی عراق میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i237172-مغربی_عراق_میں_دسیوں_دہشت_گرد_ہلاک
عراق کے مختلف علاقوں میں داعش کے خلاف عراقی فوج کی تازہ ترین کارروائیوں میں ستتر دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۷, ۲۰۱۶ ۰۳:۳۶ Asia/Tehran
  • مغربی عراق میں دسیوں دہشت گرد ہلاک

عراق کے مختلف علاقوں میں داعش کے خلاف عراقی فوج کی تازہ ترین کارروائیوں میں ستتر دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں

السومریہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سنیچر کے دن صوبہ الانبار کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن کے دوران چالیس دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے فوجی ساز و سامان اور اسلحے تباہ کر دیئے گئے ہیں- عراق کے مقامی ذرائع نے شمالی عراق کے شرقاط علاقے میں فوج کے فضائی حملوں میں داعش کے تیئیس دہشت گردوں کی ہلاکت اور ان کے خفیہ ٹھکانے تباہ ہو جانے کی خبردی ہے-

درایں اثنا عراق کے پولیس سربراہ راید شاکر جودت نے کہا ہے کہ داعش کے بارہ دہشت گردوں کو بغداد کے مغرب میں واقع شمالی ثرثار میں ، اور دو کو شمالی عراق کے علاقے الحویجہ میں ہلاک کیا گیا ہے-

دوسری جانب عراق جنگ کی مشترکہ کمان کے اطلاعاتی مرکز نے ایک بیان میں صوبہ کرکوک کے شہر حویجہ میں داعش کے دو اہم سرغنوں کے مارے جانے کی خبر دی ہے- اس بیان کے مطابق حویجہ کے علاقے میں ہونے والی بمباری میں حویجہ میں داعش کا گورنر طالب حمید غلو جو ابوسعید کے نام سے معروف تھا اور کرکوک کا گورنر محمد خلف محمد صالح جو ابوسیف الجبوری کے نام سے مشہور تھا اتوار کی صبح میں ہلاک ہوگیا-

صوبہ نینوا کی آپریشنل کمانڈ نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی فضائیہ نے جنوبی موصل میں الحاج دیہات کے قریب دہشت گردوں کی ایک بڑی کشتی کو تباہ کر دیا جس میں دو ٹن سے زیادہ دھماکا خیز مواد رکھے ہوئے تھے- جنرل نجم الجبوری نے کہا کہ دہشت گرد، اس کشتی میں رکھے ہوئے دھماکا خیز مواد سے اس فلائینگ بریج کو تباہ کرنا چاہتے تھے جسے عراقی فوج نے مخمور کو القیارہ سے ملانے کے لئے دریائے دجلہ پر نصب کر رکھا تھا-