ایک باغی لیڈر، اسرائیل میں فوجی اتاشی تھا
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i237181-ایک_باغی_لیڈر_اسرائیل_میں_فوجی_اتاشی_تھا
ترکی میں حکومت کے خلاف ہونے والی فوجی بغاوت میں ملوث ایک باغی، اسرائیل میں ترکی کا فوجی اتاشی تھا
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۷, ۲۰۱۶ ۰۴:۵۳ Asia/Tehran
  • ایک باغی لیڈر، اسرائیل میں فوجی اتاشی تھا

ترکی میں حکومت کے خلاف ہونے والی فوجی بغاوت میں ملوث ایک باغی، اسرائیل میں ترکی کا فوجی اتاشی تھا

صیہونی اخبار اسرائیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں فوجی بغاوت کے لئے اکسانے والا ایک شخص ترک فوج کا سابق کمانڈر آکین اوزتورک ہے جو ریٹائر ہونے سے پہلے اسرائیل میں ترکی کا فوجی اتاشی رہ چکا ہے-

آکین اوزتورک ترک فضائیہ کا سابق کمانڈر ہے جو اس ملک میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے-

اوزتورک انیس سو اٹھانوے سے دوہزار تک تل ابیب میں ترکی کے سفارت خانے میں تھا اور اس کے بعد دوہزار تیرہ سے دوہزار پندرہ تک ترک فوج کی فضائیہ کا کمانڈر رہا - آکین اوزتورک نے گذشتہ برس فضائیہ سے علیحدگی اختیار کر لی اور اعلی فوجی کونسل میں کام کرنے لگا-

جمعے کی رات ترکی کی فوج کے ایک گروہ نے رجب طیب اردوغان حکومت کے خلاف بغاوت کر دی تھی اور انقرہ و استانبول میں توپ و ٹینک کے ہمراہ سڑکوں پر آکر اعلان کر دیا تھا کہ اب ملک کے امور ان کے ہاتھ میں ہیں لیکن ترک عوام کے بروقت سڑکوں پر آجانے سے بغاوت ناکام ہوگئی-

ترکی کے سرکاری ذرائع کے مطابق ملک میں فوجی بغاوت میں اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد دوسو پینسٹھ ہوگئی ہے-