افغانستان میں عام سوگ کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i238489-افغانستان_میں_عام_سوگ_کا_اعلان
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے ملک میں ایک روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۲۴, ۲۰۱۶ ۰۳:۱۹ Asia/Tehran
  • افغانستان میں عام سوگ کا اعلان

افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے ملک میں ایک روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر نے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے احترام میں اتوار کو ایک دن کے عام سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں پر قابو پا لے گا۔

افغان صدر محمد اشرف غنی نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ کابل میں دہشت گردانہ حملہ کرنے والے معاشرے میں اختلاف اور لوگوں کے درمیان تفرقہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ مزید کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

واضح رہے کہ کابل میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے میں تقریبا اسی افراد جاں بحق اور تین سو زخمی ہو گئے تھے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تین خودکش حملہ آور کابل میں مظاہرے میں شریک افراد پر حملہ کرنا چاہتے تھے ان میں سے دو نے خود کو مظاہرے میں دھماکے سے اڑا لیا جبکہ تیسرے کو پولیس نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔