حلب میں شامی فوج کی شاندار کامیابی
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i239344-حلب_میں_شامی_فوج_کی_شاندار_کامیابی
شامی فوج نے صوبہ حلب میں شاندار کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید علاقوں کودہشت گردوں کےقبضے سے آزاد کرالیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۲:۰۶ Asia/Tehran
  • حلب میں شامی فوج کی شاندار کامیابی

شامی فوج نے صوبہ حلب میں شاندار کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید علاقوں کودہشت گردوں کےقبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

العالم نے خبردی ہے کہ شامی فوج نے جمعرات کو حلب میں داعش اور جبہۃ النصرہ کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے اس شہر میں مکمل طور پرامن قائم کرنے کی جانب اہم قدم بڑھایا ہے -

شامی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف اپنی تازہ کارروائیوں کے دوران عفرین سمیت کئی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے- ان کارروائیوں میں دسیوں دہشت گرد مارے گئے ہیں-

حلب شہر کے شمالی علاقے بنی زید سے رات کے وقت زیادہ تر دہشت گردوں کے فرار ہو جانے کے بعد شامی فوج اس محلے میں داخل ہوگئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شامی فوج نے حلب کے محلے بنی زید کے السکن الشابی علاقے کو پوری طرح سے دہشت گردوں کے وجود سے پاک کردیا ہے -

اس درمیان شامی فوج نے اعلان کیاہے کہ جو مسلح افراد حلب کے مشرقی محلوں میں موجود ہیں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہتھیار ڈال دیں تاکہ اب اس سے زیادہ ان کا خون نہ بہے- شام میں جنگ کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ذرائع کا کہنا ہے شامی فوج جلد سے جلد حلب شہر پر اپنا کنٹرول حاصل کرکے اس صوبے میں آپریشن کو مکمل کرلینا چاہتی ہے -

دہشت گرد عناصر اپنے ٹینک اور بکتر بندگاڑیاں چھوڑ کر حلب کے میدان جنگ سے فرار ہو رہے ہیں - حلب میں کاستیلو اور لیرمون شاہراہ پر فوج اورعوامی رضاکار فورس کا کنٹرول ہوجانے کے بعد شام کے صدر بشار اسد نے حلب شہرکے مشرقی محلوں میں موجود مسلح افراد سے جو تکفیری گروہوں کے فریب میں آگئے تھے کہا ہے کہ انہیں معاف کردیا جائے گا لیکن شر ط یہ ہے کہ وہ اپنے ہتھیار ڈال دیں اور قومی دھارے میں شامل ہوجائیں -