Aug ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  •  یمن: نہتے شہریوں کے خلاف سعودی عرب کے جنون آمیز ہوائی حملے

یمن کے نہتے شہریوں کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت کا سلسلہ بغیر کسی وقفے کے جاری ہے۔

المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں کو ایک بار پھر اپنی بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ اتوار کے روز شمال مغربی یمن کے صوبے حجہ میں " کشر" نامی علاقے پر سعودی طیاروں نے کم از کم تین بار بمباری کی ہے۔

درایں اثنا صوبہ عمران کے علاقے سفیان میں واقع ایک فوجی چھاؤنی کو بھی سعودی جنگی طیاروں نے   چار بار اپنے فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ جانی اور مالی نقصان کی تفصیل معلوم نہیں ہو ‎سکی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے جوابی حملوں میں سعودی عرب کے جنوبی علاقے "عسیر" میں موجود  "خمیس مشیط" نامی ایئر بیس کو قاہر بلیسٹک میزائل سے نشانہ بنا کر اسے خاصا نقصان پہنچایا ہے۔

ادھر یمن کے ایک تحقیقاتی مرکز نے بتایا ہے کہ سعودی اتحاد کے حملوں کے سبب لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہو گئے ہیں۔ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے یمن پر جارحیت کرکے ایک ہزار ایک سو اکیس بچوں کو شہید اور اتنی ہی تعداد میں زخمی کر دیا ہے۔