شام کی صورت حال پر اسلامی تعاون تنظیم کا اظہار تشویش
-
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد مدنی نے بحران شام کے خاتمے کے لئے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔
اسلامی تعاون تنظیم نے شام میں جاری بحران پر اظہار تشویش کیا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایسی حالت میں کہ بعض مغربی اور عرب ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں شام کے بے گناہ عوام کا قتل عام اور ان کے خلاف غیر انسانی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد مدنی نے روس کے وزیر خارجہ کے نام اپنے مراسلے میں شام کی صورت حال اور اس ملک میں جاری بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے اپنے مراسلے میں تاکید کی ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم، بحران شام کے خاتمے کے لئے مناسب راہ حل کی تلاش سے متعلق سفارتی کوششوں کو بروئے کار لائے جانے کی خواہاں ہے۔ ایاد مدنی نے اس سلسلے میں مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ مغربی اور عرب ملکوں نے اپنی ہمہ جہتی حمایت و تعاون سے یورپ سمیت دنیا کے مختلف علاقوں کے سخت ترین اور وحشی ترین دہشت گردوں کو جمع کر کے داعش، جبہۃ النصرہ، احرار الشام اور جیش الاسلام جیسے دہشت گرد گروہوں کو تشکیل دیا ہے تاکہ شام کی قانونی حکومت کو سخت سے سخت نقصان پہنچایا جاسکے اور مغربی و عرب ملکوں کے اس اقدام کے نتیجے میں دسیوں ہزار افراد کہ جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، مارے جا چکے ہیں اور دسیوں لاکھ دیگر بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی تقریبا تمام بنیادی تنصیبات تباہ ہو گئی ہیں۔ روس نے ان دہشت گرد گروہوں کا قلع قمع کرنے کے لئے ستمبر دو ہزار پندرہ سے فضائی حملے شروع کئے ہیں جن میں داعش جیسے خطرناک ترین دہشت گرد گروہ کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔