آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے پر بحرین کی سیاسی شخصیات کا احتجاج
بحرین میں بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم پر مقدمے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے-
العہد نیوز ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ بحرین کی سیاسی شخصیات نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی کارروائی کو روکنے کے لئے اقدام کرے -
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ عیسی قاسم پر مقدمے کی کارروائیاں جاری رکھنے کا مطلب بحرینی عوام اور ان کے عقائد کی توہین کرنا ہے-بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی صورتحال کے جاری رہنے سے علاقے میں عدم استحکام پیدا ہوگا -
بحرین کی سیاسی شخصیات نے زور دے کر کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کا یہ اقدام ایک ایسی تبدیلی پر منتج ہوگا کہ جس سے سب کے مفادات متاثر ہوں گے - بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرینی عوام کا مطالبہ آزادی ، انصاف ، شرف ، عزت ، حاکمیت اور خود مختاری ہے اور وہ اپنے اس مطالبے کی تکمیل کے لئے پرامن جد وجہد جاری رکھیں گے -
بحرینی حکومت نے گذشتہ جون کے مہینے میں بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کردی جس کے بعد سے پورے بحرین میں نہ ختم ہونےوالے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے - آل خلیفہ حکومت کے اس اقدام کی عالمی سطح پر بھی مذمت کی جارہی ہے -