آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے مقدمے کی سماعت ملتوی
بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی سماعت ملتوی کردی ہے
بحرینی عوام کے مذہبی قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف مقدمے کی سماعت جمعرات کو ہونے والی تھی لیکن عوام کے شدید احتجاجی مظاہروں اور دباؤ کے نتیجے میں یہ سماعت آئندہ چھبیس ستمبر تک ملتوی کردی گئی- اس سلسلے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں - بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے جون میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کردی تھی جس پر بحرینی عوام اور دنیا کے مختلف ملکوں میں لوگوں نے شدید احتجاج کیا تھا - بحرینی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف بحرین میں عوامی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور الدراز علاقے میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر عوام پچھلے کئی مہینے سے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں - بحرینی عوام حکومت پر زوردے رہے ہیں کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا اپنا غیر قانونی فیصلہ واپس لے -