آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں دھرنے کا سلسلہ جاری
بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر ان سے اظہاریکجہتی کے لئے بحرینی شہریوں کا دھرنا جاری ہے-
صوت المنامہ نیوز ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ بحرینی عوام کے مذہبی قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت کو منسوخ کرنے کے حکومتی اقدام کو تین مہینے گذرجانے کے بعد بھی بحرینی شہریوں کا احتجاجی دھرنا جاری ہے -
منامہ کے قریب واقع الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر لوگ مسلسل دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں - دھرنے پر بیٹھے لوگ حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے اپنے ظالمانہ فیصلے کو واپس لے- دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے آل خلیفہ حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم پر مقد مے کی بھی سخت مخالفت کی -
اس درمیان بحرین کے دیگر علاقوں میں بھی عوام نے آل خلیفہ حکومت کے تشدد آمیز اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف مظاہرے کئے - بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف پر امن مظاہرے جاری ہیں -
بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی، جمہوریت اور سیاسی اصلاحات کے حق میں پرامن تحریک چلارہے ہیں لیکن اس عرصے میں بحرینی حکومت کے کارندوں نے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر سیکڑوں بحرینی شہریوں کو شہید اور زخمی جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا ہے، جن میں ڈاکٹر، نرسیں، مذہبی و سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی شامل ہیں -