تحریک انتفاضہ جاری رکھنے پر فلسطینی رہنماؤں کی تاکید
فلسطینی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں تحریک انتفاضہ، فلسطینی قوم کا اسٹریٹیجک انتخاب ہے۔
مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں میں تحریک انتفاضہ کے آغاز کی سولہویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک بڑے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے فلسطین کی لبریشن موومنٹ کے سیکریٹری جنرل خالد ابو ہلال نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی عوام تحریک انتفاضہ کو جاری رکھیں گے اور اسرائیل کو کسی بھی قیمت پر تسلیم نہیں کریں گے- تحریک انتفاضہ کی سولہویں سالگرہ کے موقع پر حماس کے رہنما سالم سلامہ نے بھی تحریک انتفاضہ جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک فلسطینیوں کے حقوق کو بازیاب نہیں کرا لیا جاتا اور فلسطینی قوم کی امنگیں پوری نہیں ہو جاتیں، یہ تحریک جاری رہے گی- عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہنما طلال ابو ظریفہ نے بھی عالمی اداروں سے کہا ہے کہ وہ فلسطینی قوم پر مظالم ڈھانے کے جرم میں اسرائیلی حکام پر مقدمہ چلائیں- واضح رہے کہ مسجد الاقصی کی بے حرمتی کئے جانے کے خلاف تحریک انتفاضہ دو ہزار میں شروع ہوئی تھی- تحریک انتفاضہ کی سولہویں سالگرہ ایک ایسے وقت منائی جا رہی ہے جب فلسطینی عوام، پہلے سے بھی زیادہ مظلومیت کے عالم میں خالی ہاتھ صیہونی حکومت کے مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں- واضح رہے کہ تحریک انتفاضہ دوم اٹھائیس ستمبر سن دو ہزار میں شروع ہوئی تھی-