صیہونی حکومت کے خلاف سائبر انتفاضہ کا آغاز
غزہ کے عوام نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف سائبر انتفاضہ کا آغاز کر دیا ہے۔
غزہ سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے بعض علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں نے انتفاضہ قدس کی پہلی سالگرہ کے موقع پر غاصب صیہونی حکومت سے سائبر اسپیس میں مقابلے کی مہم شروع کر دی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے خلاف سائبر انتفاضہ کے تحت فلسطینی نوجوان، غرب اردن اور بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی رپورٹیں مختلف سائیبر سائٹوں پر نشر کرتے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطینی نوجوانوں نے سائبر انتفاضہ کے لئے مختلف گروہ تشکیل دیئے ہیں۔ سائبر انتفاضہ کے تحت تشکیل پانے والے ایک گروہ کے ترجمان محمد لبد نے بتایا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی رپورٹیں سائبر اسپیس پر نشر ہونے کے بعد تل ابیب نے سائبر اسپیس پر بہت سے فلسطینی صحافیوں کے اکاؤنٹ سیز کر دیئے ہیں۔
صیہونی حکومت کے خلاف سائبر انتفاضہ کے تشہیراتی کوآرڈینیٹر خالد صافی نے ایران کی نیوز ایجنسی ارنا سے انٹرویو میں کہا ہے کہ غزہ کے نوجوان سائبر انتفاضہ کے ذریعے غرب اردن کے عوام کی انتفاضہ قدس میں عملی شرکت میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
غزہ کے فلسطینی نوجوانوں نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف سائبر انتفاضہ تحریک ایسی حالت میں شروع کی ہے کہ جب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں فلسطینیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے تل ابیب کے خلاف عوام کے جذبات بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف غرب اردن کے عوام کی تحریک انتفاضہ قدس کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ یکم اکتوبر دوہزار پندرہ کو شروع ہونے والی انتفاضہ قدس میں تقریبا ڈھائی سو فلسطینی شہید اور چالیس سے زائد صیہونی ہلاک ہو چکے ہیں۔