داعش کے کمانڈروں کے خفیہ اجلاس میں خونریز جھڑپیں
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i251608-داعش_کے_کمانڈروں_کے_خفیہ_اجلاس_میں_خونریز_جھڑپیں
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک سینئر رکن نے کہا ہے کہ داعش کی خفیہ میٹینگ، ان کے کمانڈروں کے درمیان اختلاف پیدا ہونے کے سبب قتل و خونریزی پر منتج ہوگئی-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۰۴, ۲۰۱۶ ۰۵:۲۶ Asia/Tehran
  • ان افراد کو داعش دہشت گردوں نے اپنے احکامات کی خلاف ورزی کے جرم میں قتل کیا ہے۔
    ان افراد کو داعش دہشت گردوں نے اپنے احکامات کی خلاف ورزی کے جرم میں قتل کیا ہے۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک سینئر رکن نے کہا ہے کہ داعش کی خفیہ میٹینگ، ان کے کمانڈروں کے درمیان اختلاف پیدا ہونے کے سبب قتل و خونریزی پر منتج ہوگئی-

العالم کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے سینئر رکن جبار المعموری نے کہا ہے کہ داعش کے کمانڈروں کا ایک خفیہ اجلاس " مطیبیجہ" کے علاقے میں  ہوا جس میں ان کے درمیان شدید اختلاف پیدا ہوگیا اور نوبت لڑائی جھگڑے اور قتل و خونریزی تک جا پہنچی-

جبار المعموری نے کہا کہ داعش کے مقامی کمانڈروں اور بیرونی کمانڈروں کے درمیان شدید اختلاف، اس لڑائی کا باعث بنا-

اس واقعے میں داعش کا ایک سرغنہ اور اس کے دیگر ساتھی مارے گئے جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے-

"مطیبیجہ" کا علاقہ صوبہ دیالہ اور صلاح الدین کے درمیان واقع ہے کہ جہاں ابھی بھی داعش کے اہم کمانڈر سرگرم ہیں-

ایک اور خبر یہ ہے کہ داعش دہشت گردوں نے پینتالیس عراقیوں کو کرکوک کے البکارہ فوجی اڈے میں قتل کردیا ہے- ان افراد کو داعش دہشت گردوں نے اپنے احکامات کی خلاف ورزی کے جرم میں قتل کیا ہے-

صوبہ کرکوک کے جنوب مغربی علاقے، سن دوہزار چودہ سے اب تک داعش کے زیر قبضہ ہیں-

داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف عراقی فوج کی کارروائیوں میں تیزی آنے اور ان کے زیر قبضہ وسیع علاقوں کو آزاد کرانے کے ساتھ ہی اس گروہ کے افراد کی کوشش ہے کہ عوام اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر ان کارروائیوں پر اپنا ردعمل ظاہر کریں-