Oct ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
  • یمن کی عوامی تحریک اور عوام کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے رواں سال کے یوم عاشور کو یمن کی قوم اور عوامی تحریک کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا دن قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق سید حسن نصراللہ نے پیر کے دن نویں محرم الحرام کی رات مجلس عزا سے خطاب میں کہا کہ رواں سال عاشور کے دن ہم جلوس ہائے عزا میں حضرت عباس علمدار (ع) کے پرچم کے علاوہ یمن کا پرچم بھی لہرائیں گے اور یمنی قوم کی حمایت میں نعرے لگا کر ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کریں گے۔  

سید حسن نصراللہ نے عرب اور اسلامی اقوام سے بھی اپیل کی کہ وہ یمن کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے مزید کہا کہ صنعا میں عام شہریوں کے قتل عام سے ساری دنیا لرز کر رہ گئی ہے حتی اس طرح کے مظالم پر ہمیشہ خاموشی اختیار کرنے والوں نے بھی اس قتل عام کے خلاف اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ ہفتے کے دن یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک مجلس ترحیم پر تین مرتبہ بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔