جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے ایک اور رہنما کو پھانسی
بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے ایک اور رہنما کو پھانسی دے دی گئی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق، جماعت اسلامی کے سرکردہ رہنما اسد الاسلام کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب کھلنا جیل میں پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ان پر سن دوہزار پانچ میں کھلنا میں ہونے والے دھماکے میں ملوث ہونے کا الزام تھا جس میں دو جج ہلاک ہوگئے تھے۔اسدالاسلام کی سزائے موت پر عملدرآمد کے بعد بنگلہ دیش میں پھانسی کی سزا پانے والے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔بنگلہ دیش کی حکومت نے رواں سال جولائی میں ڈھاکہ کے ایک ریستوران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا الزام بھی جماعت اسلامی پر عائد کیا ہے جس کی اس نے سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریستوران حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی تھی۔ بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کے حامیوں نے پھانسی کی سزاؤں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمات کے دوران عالمی معیاروں کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔