شام کے شہر حلب پر دہشت گردوں کا میزائلی حملہ
-
اس میزائلی حملے میں ہونے والے جانی نقصان یا زخمیوں کی صحیح تعداد سے متعلق خبر موصول نہیں ہوئی ہے-
شام کے شہر حلب کے مختلف علاقوں پر دہشت گردوں کے میزائلی اور مارٹر گولوں کے حملوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق شمال مغربی شام کے شہر حلب کے علاقے الاعظمیہ پر دہشت گردوں کے میزائل حملے میں ایک رہائشی عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی اور متعدد افراد اس کے ملبے تلے دب گئے- ابھی تک اس میزائلی حملے میں ہونے والے جانی نقصان یا زخمیوں کی صحیح تعداد سے متعلق خبر موصول نہیں ہوئی ہے-
دہشت گرد گروہ مشرقی حلب کے علاقوں میں شامی فوج کے محاصرے میں آگئے ہیں اور وہ روزانہ دسیوں راکٹوں اور مارٹر گولوں کے ذریعے ان علاقوں کو نشانہ بناتے ہیں-
یہ دہشت گرد مشرقی حلب کے علاقے کے باشندوں کو شہر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں اوران کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں-
در ایں اثنا شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے دمشق کے غوطہ شرقی میں تل صوان اور تل کردی علاقوں پر مکمل طریقے سے کنٹرول حاصل کرلیا ہے-
اسی طرح شامی فوجیوں نے ایک اور کارروائی میں مغربی حلب میں شہر مینان کو مکمل طرح سے آزاد کرالیا ہے- اس کارروائی میں بہت سے دہشت گرد مارے گئے ہیں-
دہشت گردوں نے مغربی حلب کے رہائشی علاقے حمدانیہ میں زہریلی کلورین گیس کا استعمال کیا ہے جس کے سبب متعدد فوجیوں اور عام شہریوں کو سانس کی تکلیف ہوگئی ہے-