شام: رہائشی علاقوں پر ایک بارپھرامریکی حملہ
امریکہ کے جنگی طیاروں نے شام کے رہائشی علاقوں کو ایک بار پھر اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے جس میں بڑی تعداد میں عام شہری مارے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکہ کے جنگی طیاروں نے جمعرات کی رات شام کے شمالی شہرالرقہ پرایک بار پھر شدید بمباری کی جس میں بیس عام شہری جاں بحق ہو گئے جن میں سات بچّے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الرقہ کے رہائشی علاقوں پر امریکی بمباری میں کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل شمالی شام کے صوبے حلب کے شہر منبج پر امریکی فضائیہ کے حملے میں دسیوں عام شہری مارے گئے تھے۔
امریکی طیارے دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے ہمیشہ شام کے رہائشی علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ شام کی کرد ڈیموکریٹک پارٹی کی فورس نے، جسے امریکہ کی بھرپور حمایت حاصل ہے، کچھ عرصے قبل الرقہ کو داعش دہشت گردوں کے قبضے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع کیا تھا اس آپریشن میں امریکی اتحاد کے جنگی طیارے بھی حملے کر رہے ہیں تاہم یہ حملے رہائشی علاقوں پر انجام پا رہے ہیں جن میں عام شہری مارے جا رہے ہیں۔